یکم جولائی سے مُلک بھر میں مہم کا آغاز کیا جائیگا۔

شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے عمل کی منظوری
23 جون 2016 (19:15)
0

کمپیوٹرئزڈ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کے لئے آئندہ ماہ کی یکم تاریخ سے مُلک بھر میں مہم شروع کی جائے گی۔
اس بات کا فیصلہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے زیرِ صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا ۔
نادرا نے روزانہ دس ہزار ٹیلیفون کالز وصول کرنیوالی ہیلپ لائن اور ڈیڑھ لاکھ پیغامات وصول کرنے والا ایس ایم ایس نظام قائم کیا ہے تاکہ غیر ملکیوں کو جاری کئے گئے مشکوک شناختی کارڈز کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو آسانی ہو۔
وزیر داخلہ نے نادرا کو مقررہ وقت میں غیر ملکیوں کو نادرا کے ڈیٹا بیس سے نکالنے کا مقصد حاصل کرنے کے لئے اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے عوام کی آگاہی کے لئے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نادرا کی حکمت عملی کی بھی منظوری دی ۔