File Photo

نیو کلیئر سپلائرز گروپ پاکستان اور بھارت کی درخواستوں پر ایک ساتھ غور کرے:دفتر خارجہ
23 جون 2016 (14:47)
0

دفتر خارجہ نے نیو کلیئر سپلائرز گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں تذویراتی استحکام کے لئے پاکستان اور بھارت کی درخواستوں پر ایک ساتھ غور کرے ۔

اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ ہمارا یہ موقف رہا ہے کہ نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے لئے ایٹمی عدم پھیلائو کے معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ملکو ںکے ساتھ ایک جیسے، بلا تفریق اور منصفانہ معیار کے مطابق رویہ اپنایا جانا چاہیے۔
بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملک کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے غیر مشروط بات چیت کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ہے اور اس نے یہ معاملہ متعدد عالمی فورموں پر بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔