کمیٹی نے گندم کی ذیلی اجناس کی مسلسل درآمد کا نوٹس لیتے ہوئے ایسی درآمدات پر فوری پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی12لاکھ ٹن گندم برآمد کرنیکی منظوری
23 جنوری 2015 (18:40)
0

 کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنجاب اور سندھ میں زائد از ضرورت ذخائر میں سے بارہ لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو اسلام آباد میں کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
کمیٹی نے گندم کی ذیلی اجناس کی مسلسل درآمد کا نوٹس لیتے ہوئے ایسی درآمدات پر فوری پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
کمیٹی نے اقوام متحدہ کے خوراک کے عالمی ادارے کو تیس ہزار ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری دی جو فاٹا اور خیبرپختونخوا کے عارضی طور پر بے گھر افراد میں تقسیم کی جائے گی۔
اجلاس نے بجلی کی ترسیل کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے وزارت پانی و بجلی کی تجویز کی منظوری دی۔
کمیٹی نے بجلی کی پیداوار کے لئے مائع قدرتی گیس کی دستیابی تک او جی ڈی سی ایل اور فوجی کبیروالا پاور کمپنی لمیٹڈ کے درمیان گیس کی فروخت کے معاہدے کی توسیع کی بھی منظوری دی جس کے تحت دو کروڑ مکعب فٹ گیس فراہم کی جائے گی۔
کمیٹی نے نیپرا کو پالیسی ہدایات جاری کرنے کی منظوری دی تاکہ صارفین کو متاثر کیے بغیر بجلی کے شعبے کی طرف سے ٹیرف میں اضافہ کیا جاسکے۔