حریت کانفرنس کی سیکورٹی کے نام پر لوگوں کو ہراساں کرنے کی مذمت
23 جنوری 2015 (19:29)
0

مقبوضہ کشمیرمیں کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی یوم جمہوریہ سے پہلے سیکورٹی کے نام پر سیکورٹی فورسز کی طرف سے لوگوں کوہراساں کرنے کی مذمت کی ہے۔
کُل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی مسلح فورسز کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کو دبانے کے لئے انکا خون بہا رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ 26 جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ نزدیک آنے کے ساتھ ہی مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کاماحول پیداکیا جارہا ہے۔
ادھر آج لوگوں نے غیر کشمیریوں کو علاقے میں مستقل طور پر شہریت دیکر مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارتی حکومت کے منصوبے کے خلاف زبردست مظاہرے کیے۔
سرینگر' بڈگام ' گاندر بل ' پانپور' اسلام آباد' کلگام' شوپیاں ' پلوامہ ' بارہمولہ' سوپور' کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کیے۔
بھارتی پولیس اور فوجیوں نے مختلف مقامات پر مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کئی لوگوں کوزخمی کر دیا۔