ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی نادرا کو منسوخ شناختی کارڈز کے کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت
23 فروری 2017 (20:08)
0

قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے نادرا کو منسوخ قومی شناختی کارڈز کے کیسز جلد نمٹانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں منسوخ شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق اور کلیئرنس پروگرام کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ ان افراد کو جن کا قومی شناختی کارڈ منسو خ کر دیا گیا سخت مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے نادرا کے چیئرمین کو کمیٹی کے ارکان کی تجاویز کی روشنی میں جامع حکمت عملی تیار کرنے او ر منگل کو کمیٹی کے اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
کمیٹی کے ارکان نے عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے اور مقررہ وقت پر کیسز کی کلیئرنس کے لئے ضلعی سطح پر مقامی انتظامیہ کی شمولیت کی تجویز دی۔