پاکستان ترکی اعلیٰ سطح کے تذویراتی تعاون کی کونسل کا اجلاس آج ہورہا ہے
23 فروری 2017 (08:21)
0

پاکستان اورترکی کے درمیان اعلیٰ سطح کے تذویراتی تعاون کی کونسل کا پانچواں اجلاس آج انقرہ میں ہورہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اورترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم مشترکہ طورپر اجلاس کی صدارت کریں گے۔
دونوں فریق مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کریں گے اس موقع پر متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ نواز شریف ترکی کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امورپر تفصیلی بات چیت بھی کریں گے۔
وزیراعظم محمد نوازشریف اپنے دورے میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات بھی کریں گے۔
وزیراعظم گزشتہ سال جولائی میں ملک میںبغاوت کی کوشش کوناکام بنانے پر ترکی کی حکومت اور عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے ترکی کی پارلیمنٹ کا دورہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم ترکی کی جمہوریت کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کوخراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔
وزیراعظم محمد نوازشریف گزشتہ شب انقرہ میں Esenboga کے ہوائی اڈے پہنچے ۔ کھیلوں اور نوجوانوں کے بارے میں ترکی کے وفاقی وزیر عاکفCagatay Kilie نے ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دو ترک بچوں نے وزیراعظم اور بیگم کلثوم نواز کو گلدستے پیش کئے۔

ادھر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ کے صدارتی محل میں وزیراعظم نوازشریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔