وزیر اطلاعات نے کہا کہ کمیشن ان معزز ججوں پر مشتمل ہوگا جنہوں نے آمریت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

تحقیقاتی کمیشن الزامات،جھوٹ کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیگا:رشید
23 اپریل 2016 (20:50)
0

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز کی تحقیقات کیلئے کمیشن الزامات اور جھوٹ کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دے گا۔
گوجرانوالہ کے قریب گکھڑ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیشن ان معزز ججوں پر مشتمل ہوگا جنہوں نے آمریت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اور ان کے بعض ساتھی جو سپریم کورٹ کا کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رہے تھے اب راہ فرار اختیار کر رہے ہیں یہ عناصر سمجھ رہے تھے کہ وزیراعظم کمیشن نہیں بنائیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کا پہلا نقطہ یہ ہے کہ اسے کسی بھی اکائونٹنگ ایکسپرٹ یا آڈیٹر کی خدمات حاصل کرنے کاا ختیار دیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو برطانیہ کے لوکل باڈیز کے انتخابات میں پاکستانی نژاد صاد ق خان کے خلاف زیک گولڈ سمتھ کی حمایت کرنے کا اعتراف کرنے کی اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان' وزیراعظم نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور دانشمندانہ حکمت عملی کی وجہ سے کھیلوں سمیت زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کررہاہے۔