پاکستان پھلوں ،سبزیوں کے ذائقے کی دنیا معترف ہے:خرم دستگیر
23 اپریل 2016 (20:34)
0

وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے ترکی میں انتالیہ میں انٹرنیشنل ہارٹیکلچر ایکسپو2016 میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ایکسپو ترکی کی وزارت زراعت کے زیر اہتمام منعقد کی گئی جس میں تقریباً چالیس ملکوں نے حصہ لیا۔
ایکسپو میں موضوع کی مناسبت سے پاکستان نے ہارٹیکلچر گارڈن قائم کیا جس میں ملکی ثقافت خصوصاً باغبانی کے شعبے کی نمایاں خصوصیات اجاگر کی گئیں۔
پاکستان کے نجی شعبے نے بھی نمائش میں حصہ لیا اور اعلیٰ معیار کے پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی نمائش کی۔
وزیر تجارت خرم دستگیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی اور ماحولیاتی اعتبار سے پاکستان انتہائی سازگار ملک ہے جس کی بدولت یہاں کئی اقسام کے پھل اور سبزیاں پیدا ہوتی ہیں ، جن کے منفرد ذائقے کی پوری دنیا معترف ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان ، وزیراعظم احمد داؤد اوگلو ، ترک مجلس کے سپیکر اور کئی وزراء نے ایکسپو کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔