پارلیمانی امور کے وزیر مملکت نے ایوان کو بتایا کہ یہ نظام صرف بھارت میں کام کر رہا ہے اور اس کے فوائد اور نقائص کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 حکومت کا آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرانے پر غور
23 اپریل 2015 (15:28)
0

قومی اسمبلی کو جمعرات کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کرائے جائیں یا نہیں۔
وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ یہ نظام صرف بھارت میں کام کر رہا ہے اور اس کے فوائد اور نقائص کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ایک سوال پر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ فیصل آباد ملتان موٹر وے چار مراحل میں تعمیر کی جارہی ہے۔ فیصل آباد گوجرہ موٹروے کا پہلا مرحلہ پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی تین مراحل پر کام جاری ہے۔


انہوں نے کہا کہ 357 کلومیٹر طویل اسلام آباد لاہور موٹر وے کی تزئین و آرائش کا کام چوبیس ماہ میں مکمل ہو گا۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی سول عدالتوں میں زیر التواء مقدمات سے متعلق سوال پر قانون وانصاف کے وزیر پرویز رشید نے ایوان کو بتایا کہ سول عدالتیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے زیرنگرانی کام کرتی ہیں۔ 

ایک سوال پر قدرتی وسائل کی پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمر زادی ٹوانہ نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کے میٹروں کی تنصیب پر پابندی کی تردید کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نجی شعبے کو ایل این جی کی درآمد کی اجازت دی ہے اور اس مقصد کے لئے نجی شعبے کو مراعات بھی دی گئی ہیں۔ قدرتی وسیلوں کے وزیر مملکت جام کمال نے ایوان کو بتایا کہ درآمد کی جانے والی ایل این جی کی قیمت سی این جی کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہوگی۔

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ حکومت عوام کو مواصلات کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے نئی سڑکوں اور شاہراہوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوں کی مرمت پر توجہ دے رہی ہے۔

شیخ آفتاب احمد نے ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مردان کے علاقے تخت بائی کے مین بازار میں اوورہیڈ برج کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جو اگلے ایک سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔
پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب نے قومی توانائی میں خودکفالت اور بچت کا بل دوہزار پندرہ ایوان میں پیش کیا۔ پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر مملکت جام کمال نے گیس کی چوری پر قابو پانے اور اسکی وصولیوں کا بل دو ہزار پندرہ پیش کیا۔

ایوان کا اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔