فربریس نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنے کی خاطر اپنے عہدے سے استعفی دیا ہے

سری لنکن ٹیم کے کوچ پال فربریس اپنے عہدے سے مستعفی
23 اپریل 2014 (11:35)
0

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کوچ پال فربریس اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ فربریس نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنے کی خاطر اپنے عہدے سے استعفی دیا ہے، انہیں انگلینڈ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری دیئے جانے کا امکان ہے۔ فربریس نے تین ماہ قبل سری لنکن ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی، ان کی زیر کوچنگ سری لنکن ٹیم نے ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، اس کے علاوہ آئی لینڈرز نے پہلی بار ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ان کی کوچنگ میں سری لنکن ٹیم کو 18 میچوں میں سے صرف ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا کرکٹ نے فربریس کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فربریس نے کولمبو واپسی پر بورڈ حکام سے اپنے عہدے کے حوالے سے بات کی۔ پال فربریس نے اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ میرا اپنا ملک ہے، قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنا میری اولین ترجیح ہے اور اسی وجہ سے میں نے سری لنکن بورڈ کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کیا ہے۔ میں نے انگلینڈ بورڈ میں کسی بھی پوزیشن کیلئے درخواست نہیں دی تھی تاہم انگلش بورڈ نے از خود مجھ سے رابطہ کیا اور میں نے ان کی پیشکش قبول کر لی۔ واضح رہے کہ سری لنکن بورڈ نے فربریس سے دو سالہ معاہدہ کیا تھا تاہم فربریس نے تین ماہ کے بعد ہی اسے ختم کر دیا