امور داخلہ کے وزیرمملکت بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت سائبر جرائم پر قابو پانے کیلئے مناسب اقدامات کر رہی ہے

حکومت فرقہ وارانہ فسادات سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کر رہی ہے
23 اپریل 2014 (19:39)
0

آج(بدھ) سینٹ کو بتایا گیا کہ حکومت ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔

امور داخلہ کے وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ 2008 سے اب تک فرقہ وارانہ حملوں میں دو ہزار نوے افراد شہید ہوچکے ہیں۔

ایک سوال پر امور داخلہ کے وزیرمملکت بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت سائبر جرائم پر قابو پانے کیلئے مناسب اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم پر قابو پانے کا ایکٹ تیار کرلیا گیا ہے اور منظوری کے لئے کابینہ کو بھیج دیا گیا ہے۔

بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت غیر رجسٹرڈسموں کی روک تھام کے لئے اقدامات کررہی ہے اور بہت سی غیر رجسٹرڈ سموں کو بند کر دیا گیا ہے۔


الیاس احمد بلور کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیرمملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے صوبے سے گندم لے جانے والی گاڑیوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی ' انہوں نے کہا دراصل گندم کی دیر سے کٹائی کی وجہ سے گندم کی نقل و حمل میں کچھ مشکلات پیدا ہوئی ہیں اورگندم کی کٹائی کے مکمل ہونے کے بعد اس مسئلے کو حل کرلیا جائے گا۔

آج ایون میں ایک قرارداد کی منظوری دیکر پاکستان میڈیکل اور ڈینٹل کونسل (ترمیمی) آرڈیننس2014 ئ2014) ء کا آرڈیننس نمبر III ) کومسترد کر دیا۔

قانون اور انصاف کے وزیرپرویزرشید نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی (ترمیمی)آرڈیننس2014 ء ایوان میں پیش کیا ' سپیکر نے آرڈیننس ایوان کی متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا۔

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیراحسن اقبال نے ایوان کے سامنے پاکستان وژن2025 اورہزاریہ ترقیاتی اہداف کی ایک رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے بحث کیلئے ایک اور تحریک بھی پیش کی۔خصوصی کمیٹی کے کنوینر فرحت اللہ بابر نے بعض خفیہ اداروں کی طرف سے سینیٹر جہانگیر بدر کے گھر کی نگرانی اور چھاپے کے بارے میں کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

جہانگیر بدراس وقت قائد ایوان تھے۔ایوان کا اجلاس اب غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔