وزیر اعظم نے گیس اور بجلی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس
23 اپریل 2014 (18:51)
0

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صارفین کو مشکلات سے بچانے کیلئے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ آج(بدھ) اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی بریفنگ کی صدارت کر رہے تھے جس میں ملک میں بجلی اور گیس کے مجموعی نظام اور ترسیل کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم نے گیس اور بجلی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بجلی اور گیس کی چوری سے نمٹنے کیلئے مزید سخت قوانین بنائے ہیں۔انہوں نے بجلی کے واجبات ترجیحی بنیادوں پروصول کرنے اور ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی ان تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے جو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہے ہیں۔

وزیراعظم کو آئندہ چار ماہ کیلئے تیار کردہ لوڈشیڈنگ کے شیڈول اور بجلی اور گیس چوری روکنے کیلئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔