وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ' افغانستان اور پاکستان کے بار ے میں برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ ہمیش فالکنر سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران انسانی حقوق' انصاف کے شعبے میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ملاقات میں اعظم نذیر تارڑ نے انسانی حقوق کے حوالے سے پاکستان میں ہونے والی پیشرفت بالخصوص انسانی حقوق کے بارے میں قومی لائحہ عمل کی اہمیت پر زور دیا۔
جس کامقصد پالیسی اصلاحات کیلئے فعال طریقہ کار اور بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
ہمیش فالکنر نے پاکستان کے انسانی حقوق کی بہتری اور انصاف کے نظام کیلئے فعال اقدامات
کی تعریف کی اور موسمیاتی لائحہ عمل کو آئین میں بنیادی حق کے طور پر تسلیم کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے ان ترجیحات کو آگے بڑھانے خاص طور پر عالمی انسانی حقوق اور ماحولیاتی اہداف کے حصول کیلئے تکنیکی معاونت پر مبنی پروگراموں کے ذریعے برطانیہ کی مسلسل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔