Monday, 10 December 2018, 10:06:59 pm
اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی تحریک انصاف کے ایجنڈے کا اہم ترین حصہ ہے، وزیراعظم
September 23, 2018

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ مسائل کا غیر روایتی حل تجویز کریں۔

اتوار کے روز لاہور میں پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزراء ہفتے کے سات روز کام کریں کیونکہ ان کے لئے چھٹی کا کوئی دن نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے وزیرا علیٰ کے دفتر میں ایک شکایت سیل قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ضلعی زکوٰة کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اور بیت المال سے زکوٰة اور رقوم کی تقسیم میں شفافیت کویقینی بنایا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے کے اندر بلدیاتی اداروں کے نظام کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جب لوگوں کو بنیادی سطح تک اختیارات منتقل کیے جائیںگے تو حقیقی تبدیلی آئے گی۔

وزیراعظم نے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں کا جائزہ لیں اور موجودہ صورتحال کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ عوام کو سابقہ حکومتوں کی جانب سے لیے گئے قرضوں کے بارے میں بتایا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں ماضی میں ہونے والی بدعنوانی کو بے نقاب کرنا ہوگا اور تمام بڑے منصوبوں کا آڈٹ کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال کی حکمرانی کے تمام حقائق کو منظرعام پر لایا جائے گا۔

سرکاری عمارتوں میں آتشزدگی کے تمام واقعات کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی بہبود پر بھرپور توجہ دی جس کے نتیجے میں تحریک انصاف صوبے میں دوبارہ انتخاب جیتی۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے سیاستدانوں کی جانب سے سرکاری اداروں میں عدم مداخلت کی روایت قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ' صحت اور پولیس میں سیاسی مداخلت سے کبھی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے۔

عمران خان نے کہاکہ ہم نے انسانی ترقی پر توجہ مرکوز کی اور عوام کو نئی سوچ دی۔