Monday, 10 December 2018, 10:46:46 pm
بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، وزیرخارجہ
September 23, 2018

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اتوار کے روز واشنگٹن میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہیں اور امید ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ان مشکلات سے نمٹنے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلاامتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے اور وہ ملک میں ایسے ہی احتساب کو یقینی بنائے گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں امن کے لئے پرعزم ہے جو افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسائل سیاسی طور پر حل کئے جانے چاہئیں کیونکہ ان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ متوازن تعلقات چاہتا ہے جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت کو پیشکش کی تھی کہ اگر وہ قیام امن کے لئے پاکستان کی جانب ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان بھارت کی جانب دو قدم بڑھائے گا۔