Saturday, 19 September 2020, 08:26:21 am
ریڈیوپاکستان بھارتی مظالم کا شکارکشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچا رہا ہے،وزیراطلاعات
July 23, 2020

اطلاعات ونشریات کے وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر مکمل پابندی ہے تو ریڈیو پاکستان وہاں پر بھارت کے فوجی مظالم کے خلاف کشمیریوں کی آواز بن گیا ہے۔
وہ جمعرات کی شام پاکستان براڈکاسٹنگ ہائوس اسلام آباد میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے منعقد محفل مشاعرہ میں خطاب کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان آزادی کے عظیم نصب العین کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے بھارتی فوج کے غیر قانونی اور غیر انسانی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کے ہمت وحوصلے، دلیری اور عزم واستقلال کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرکے ریڈیو پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوںنے کہا کہ دنیا کے لئے یہ ایک غیر معمولی بات ہے کہ بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کوان کے بنیادی حقوق سے محروم کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آئین سے آرٹیکل370 اور 35-A کو ختم کرکے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دباسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت حریت رہنمائوں کو نظر بند کرکے نہ تو کشمیریوں کو خوفزدہ کرسکتا ہے اور نہ پلوامہ جیسے ڈھونگ واقعات کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو موثر طورپر سفارتی محاذ پر اجاگر کرنے کی وجہ سے اس معاملے پر بھارت بین الاقوامی سطح پر تنہا ہوچکا ہے۔
شبلی فراز نے مشاعرہ منعقد کرنے پر ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ریڈیو پاکستان کو ماضی کی طرح مضبوط اور عظیم ادارہ بنانے کے لئے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان مضبوط اور شاندار روایات کی نمائندگی کرتا ہے اور اس نے ہر مشکل وقت متیں ریاست کا ساتھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام ریڈیو پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں کہ یہ مصدقہ خبریں اور معیاری پروگرام نشر کرتا ہے اور سنسنی نہیں پھیلاتا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب وہ ریڈیو پاکستان آتے ہیں تو خوشگوار احساس پیدا ہوتاہے کیونکہ ان کے والد اور عظیم شاعر احمد فراز نے اپنا کیریئر اسی ادارے سے شروع کیا تھا انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کا دورہ کرنا ان کے لئے ہمیشہ ایک اعزاز کی بات ہے۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعا ت و نشریات اکبر حسین درانی نے تقریب سے خطاب ہوتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مسئلہ کشمیر پر متفق ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیری عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل امبرین جان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریڈیو پاکستان موثر طور پر جھوٹ پر مبنی بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب اور پرامن بیانیے کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما عبد الحمید لون نے مسئلہ کشمیر کو موثر طور پر بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر ریڈیو پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔