Tuesday, 02 June 2020, 08:43:48 am
بھارت نے کشمیریوں پر مظالم مزید بڑھا دئیے ہیں،وزیرخارجہ
May 23, 2020

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے جھوٹے الزامات پر مبنی کارروائیوں، ماورائے عدالت قتل اور دیگر ظالمانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں پر مظالم بڑھا دئیے ہیں۔

انہوں نے آج اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف اے العثیمین کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مقامی لوگوں کے گھروں کو نذرآتش کرنے اور انہیں زمین بوس کرنے جیسی کارروائیوں کے ذریعے مسلمانوں کو اجتماعی سزا دی جارہی ہے۔
وزیرخارجہ نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور وہاں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اقدام پر پاکستان کی طرف سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل سے متعلق نئے قانون پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت کوروناوائرس سے پیدا ہونے والے بحران کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون میں مزید سختی کررہا ہے۔
وزیرخارجہ نے جموںوکشمیر کے تنازعے پر اسلامی تعاون تنظیم کی مسلسل حمایت کر سراہا۔