Wednesday, 21 August 2019, 12:58:24 pm

مزید خبریں

 
کابینہ اجلاس،فریقین کی مشاورت کےساتھ ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی
April 24, 2019

وفاقی کابینہ کو آج بتایا گیا کہ تمام فریقین کی مشاورت کے ساتھ ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔اطلاعات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے منگل کی شام اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں اپنی معلومات پر کابینہ کو بریفنگ دی اور کہا کہ جلد ہی فارما سوٹیکل کمپنیوں اور دیگر فریقین کے ساتھ ایک ملاقات کرکے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ کو مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں بتایاگیا۔کابینہ نے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں پر نظر رکھنے کا بھی فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو حکومتوں کے اسی عرصے کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران مہنگائی ابھی بھی کم ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ وہ عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے گزشتہ حکومت کے ایل این جی معاہدوں پر بھی غور کیا جو مہنگے تھے اور پاکستان کے مفاد میں نہیں تھے۔کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں اور جمہوریت کے وژن کی توثیق کی جو بدعنوانی سے پاک ہے اور صرف عام آدمی کو بااختیار بنانے اور اس کے مسائل کم کرنے کے لئے کام کرتا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کے آئندہ دورئہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری مقامی صنعت کے تحفظ کے لئے چین کے ساتھ ایک بہتر آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کابینہ کو بتایا کہ 450 پاکستانی تاجر کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کے لئے چین کا دورہ کرینگے جس سے ملک میں مزید پیداوار اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور غربت میں کمی ہو گی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ ارکان نے وزیراعظم کو کامیاب دورہ ایران پر مبارکباد دی جو موجودہ صورتحال میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قریبی ہمسائیوں کے ساتھ تجارت بڑھانا ہو گی تاکہ ایک دوسرے سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں ے کہا کہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے میں بھی کامیاب ثابت ہوا۔