Sunday, 26 May 2019, 06:56:05 am
چین کا ایک خطہ ایک شاہراہ فورم میں وزیراعظم عمران خان کی شرکت کا خیر مقدم
April 23, 2019

چین نے جمعرات سے شروع ہونے والے دو روزہ دوسرے خطہ اور شاہراہ فورم میں وزیراعظم عمران خان کی شرکت کا خیرمقدم کیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے تر جمان گینگ شوانگ نے بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری کو انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا جس نے ایک خطہ اور ایک شاہراہ اقدام کے تحت دیگرمنصوبوں کیلئے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان دونوں کی مربوط کوششوں سے ایک خطہ اور ایک شاہراہ اقدام کے اہم ترین منصوبے سی پیک نے دونوں ملکوں کے عوام کیلئے مفید نتائج کے ساتھ کئی ٹھوس فوائد فراہم کئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر دوسرے خطہ اور شاہراہ فورم میں شرکت کریں گے۔وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ فورم کے پہلے دن وزیراعظم فورم کی افتتاحی نشست میں شرکت کریں گے اور اعلیٰ سطح کے مذاکرے کے ابتدائی اجلاس میں کلیدی خطاب کریں گے۔فورم کے دوسرے روز وزیراعظم دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ گول میز اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔وہ دونوں دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم Li keqiang سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔توقع ہے کہ دورے کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے کئی معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔توقع ہے کہ وزیراعظم فورم کے موقع پر عالمی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔فورم ایک مشترکہ روشن مستقبل کیلئے ایک خطہ اور شاہراہ تعاون کے موضوع کے تحت کئی پروگراموں پر مشتمل ہے جن میں رہنمائوں کا گول میز اجلاس، اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں، موضوعاتی فورم، سی ای او کانفرنس شامل ہیں۔