Friday, 19 April 2024, 07:16:06 pm
اقتصادی راہداری،افغانستان،مغربی چین،وسط ایشیا کو تیز ترتجارتی رابطہ فراہم کریگی،وزیراعظم
April 23, 2018

 وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے ملک کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد فراہم کردی ہے ۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز کراچی میں منصوبہ بندی اور ترقی کی وزارت اور ایک نجی چینل کے زیراہتمام چین پاکستان اقتصادی راہداری سربراہ اجلاس کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہاکہ اقتصادی راہداری ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کامنصوبہ ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سی پیک کے تحت تعمیر کئے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے اور اس منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہونے کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان بھی خطے کے لئے سی پیک کے ثمرات سے استفادہ کررہا ہے اس منصوبے سے افغانستان ، مغربی چین اور وسط ایشیائی ممالک تک ریل اور شاہراہوں کے نیٹ ورک کے ذریعے انتہائی موثر تجارتی روٹ فراہم ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ تین سال سے کم عرصے میں حقیقت کا روپ دھارچکا ہے۔

بعد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کیلئے کے الیکٹرک کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے درمیان معاملات بھی حل کرلئے گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے تیس ارب روپے مختص کئے ہیں۔

اس سے پہلے منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک خطہ ایک سڑک منصوبے سے پاکستان ترقی کا مرکز بن جائے گا۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور شہر معاشی سرگرمیوں کامرکز بن گیا ہے جہاں غیرملکی سرمایہ کاری کےلئے فضا سازگار ہے۔

چین کے سفیر یاو جنگ نے اس خواہش کااظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دوسرے ملکوں کےلئے مثال بنیں۔

چینی سفیر نے کہاکہ سی پیک نہ صرف اقتصادی ترقی کا نام ہے بلکہ یہ ایک کمیونٹی کو بھی پروان چڑھا رہا ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.