صدر مملکت نے یہ بات جمعرات کو راولپنڈی میں''جنوبی اور وسطی ایشیا میں امن اور سلامتی ،،کے موضوع عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

خطے میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر:ممنون حسین
22 ستمبر 2016 (18:12)
0

صدر ممنون حسین نے جنوبی اور وسطی ایشیاء میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے منفی رویے سے اجتناب کرنے پر زور دیا ہے۔
وہ جمعرات کے روز راولپنڈی میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام جنوبی اور وسطی ایشیاء میں امن اور سلامتی کے موضوع پر ایک عالمی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا پاکستان اپنے جغرافیائی محل وقوع اور بہترین افرادی قوت کے باعث خطے کے امن و استحکام اور ترقی کیلئے مرکزی کردارادا کررہا ہے۔
صدر نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
ممنون حسین نے کہا کہ کوئی خطہ عالمی برادری کے مخلصانہ تعاون کے بغیر خوشحال نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا ہمارا خطہ گزشتہ چند دہائیوں سے دہشت گردی کے واقعات سے بری طرح متاثر ہوا ہے تاہم پاکستان نے پوری قوت سے اس برائی کا مقابلہ کیاہے۔
صدرنے کہا کہ چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی شکل میں پاکستان کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک کثیرجہتی منصوبہ ہے جس سے خطے کے تمام ملکوں میں خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت پاکستان ترقی کررہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے باعث امن وامان کی صورتحال اور ملک کی مالیاتی حالت بہتر ہوئی ہے۔
صدر نے کہا کہ عالمی مالیاتی اور درجہ بندی کے اداروں نے اس بات کی تعریف کی ہے اور اعتراف کیا ہے کہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔