ممنون حسین نے یہ بات جمعرات کو راولپنڈی میں جنوبی اور وسطی ایشیا میں امن اور سلامتی ،،کے موضوع عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

خطے میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے:صدر
22 ستمبر 2016 (14:53)
0

صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ خطے میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔وہ آج راولپنڈی میں فاطمہ جناح یونیورسٹی کے زیر اہتمام جنوبی اور وسطی ایشیاء میں امن اور سلامتی کے موضوع پر ایک عالمی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کھلے دل سے تسلیم کر کے ہی خطے میں پرامن ماحول قائم کیا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی اور وسطی ایشیاء میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے منفی رویے سے اجتناب کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان نے پوری قوت سے دہشت گردی کر جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے ۔ صدر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کثیر الجہتی منصوبہ ہے جس سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک خصوصاً وسطی ایشیائی ممالک اس منصوبے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے ۔
انہوں نے عوام خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس بڑے ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے لئے حکومتی کوششوں میں اس کا ساتھ دیں۔