شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم نے قومی اہمیت کے تمام امور پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔

سابق وزرائے خارجہ نے جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو متوازن قرار دیا
22 ستمبر 2016 (09:26)
0

سابق وزرائے خارجہ شاہ محمود قریشی اور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی انتہائی متوازن جامع اور مدلل تقریر میں مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی تقریر کو متوازن قرار دیا اورکہاکہ اس میں مسئلہ کشمیر سمیت قومی اور بین الاقوامی امور شامل تھے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے قومی اہمیت کے تمام امور پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کشمیر کے نصب العین کو جراتمندانہ طریقے سے اجاگرکرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔
حناربانی کھر نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے نواز شریف کا خطاب قوم کی توقعات کے عین مطابق تھا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو کسی ملک کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتا ۔
حنا ربانی نے وزیراعظم کی تقریر کو وقت کی ضرورت قراردیا جس میں مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرار دادوں کے مطابق اجاگرکیاگیا۔ دیگر سیاسی رہنمائوں نے بھی تنازعہ کشمیرکو موثر طریقے سے اٹھانے پر وزیراعظم نوازشریف کی تعریف کی۔
امورکشمیر گلگت بلتستان کے وزیر چوہدری برجیس طاہر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف بہتر طریقے سے پیش کرنے پروزیراعظم کی تعریف کی۔
مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید نے کہاکہ یہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایک منتخب وزیراعظم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔