وزیراعظم نواز شریف اور صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے71 ویں اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں ملاقات کی۔

پاکستان اور ایران کے درمیان دفاعی تعاون کی ضرورت ہے:روحانی
22 ستمبر 2016 (07:32)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے71 ویں اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں ملاقات کی۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اورایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان ظاہر کیا۔
انہوں نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے اور ایران سے درآمد کی جانیوالی بجلی پر ہونیوالی پیشرفت پر گفتگو کی جس سے آئندہ برسوں میں پاکستان میں بجلی کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نے صدر روحانی کو کشمیر میں بھارتی جارحیت خصوصاً گزشتہ دو ماہ سے جاری مظالم کے بارے میں آگاہ کیا اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زوردیا۔
ایران کے صدر نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان دفاعی تعاون کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سلامتی ایران کی سلامتی ہے۔
انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو حقیقت کا روپ دینے کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کی تعریف کی اور اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں رہنمائوں نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات میں بہتری کے مثبت اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر اور چاہ بہار کی بندرگاہ ہیں خطے میں تجارت کو مزید فروغ دینے کا ذریعہ ثابت ہوں گی۔