وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق دستاویز بان کی مون کے حوالے کردیں
22 ستمبر 2016 (07:28)
0

وزیراعظم نواز شریف نے نیو یارک میںاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اورنہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے متعلق ایک دستاویز ان کے حوالے کیا۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے ان بے گناہ اور نہتے افراد کی دلخراش تصاویر دکھائیں جنہیں حکومتی سطح پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں چھرے سے متاثرہ افراد کی تصاویر دیکھ کر گہرے صدمے کا اظہا ر کیا۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چوہتر دن کے دوران بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا جس کے باعث سو سے زائد افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
چھر ے والی بندوقوں کے اندھا دھند استعمال سے خواتین اوربچوں سمیت سینکڑوں افراد نابینا ہوگئے جو بھارتی سکیورٹی فورسز کی غیر انسانی اور وحشیانہ ذہنیت کا مظہر ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمایاں اور فعال کردار اوردنیا میں امن اورسلامتی کے لئے اس کی کوششوں کی تعریف کی۔