file photo

کشمیر کے عوام بھارتی مذموم عزائم اور کشمیر پر اسکے قبضے کو ہرگز قبول نہیں کریں گے:حریت رہنما
22 مئی 2017 (20:07)
0

مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام بھارتی مذموم عزائم اور کشمیر پر اسکے قبضے کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ ' بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور بلال صدیقی نے آج اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئیے
انہوں نے کہا کہ کشمیر ' کشمیریوں کی ملکیت ہے اور وہ خود اپنی منزل کا تعین کریں گے۔
ادھر' ناروے کی پارلیمنٹ میں ایک قرارداد پیش کی گئی ہے جس میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ جنوبی ایشیائی خطے میں ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکنے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل کرنے میں سرگرم کردار اد اکرے۔
قراردادکشمیر کے بارے میں پارلیمانی گروپ کے چیئرمین اور کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمانی رہنما ء Knut Hareide Ariledنے پیش کی۔
Knut Hareide Ariled نے کشمیر کو ایک سنگین اور حل طلب مسئلہ قرار دیا جس کی وجہ سے پورا علاقہ بہت بڑی فوجی چھاونی میں تبدیل ہو گیا ہے اور دونوں ایٹمی قوتوں بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سیکورٹی کیلئے سنگین خطرے کا باعث ہے۔

کرسچئن ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ نے تجویز پیش کی کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنے کیلئے مزید سرگرمی سے کام کرنا چاہئیے۔