جسٹس شیخ عظمت سعید نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے بارے میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو ٹیم اور اس کے کام پر مکمل اعتماد ہے۔

سپریم کورٹ: پانامہ عملدرآمد مقدمے کی سماعت7جون تک ملتوی
22 مئی 2017 (15:30)
0

جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی خصوصی بینچ نے پانامہ عملدرآمد مقدمے کی سماعت آئندہ ماہ کی سات تاریخ تک ملتوی کردی ہے۔ مقدمے کے حوالے سے کام کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے بینچ کے سامنے آج اپنی پہلی رپورٹ پیش کی ۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے رپورٹ کے بارے میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو ٹیم اور اس کے کام پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے جے آئی ٹی سے کہا کہ اگر انہیں کسی بھی ادارے کی طرف رکاوٹ یا کسی بھی ادارے کا تعاون درکار ہے تو وہ عدالت کو آگاہ کرے۔جسٹس اعجازافضل نے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو تحقیقاتی عمل ساٹھ روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

بعدمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہاکہ عدالت نے پانامہ کے مقدمے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی پہلی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔وزیرمملکت نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر عدالت کے سامنے غیر آئینی مطالبہ رکھاجسے مسترد کردیاگیا۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صرف اپنی جماعت کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق تحقیقات سے جان چھڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔