پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے:وزیراعظم
22 مئی 2017 (06:59)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد اوربین المذاہب ہم آہنگی اور بات چیت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے یہ بات ریاض میں سعودی عرب کے فرماں رواشاہ سلمان بن عبدالعزیز، امریکہ کے صدرڈونلڈٹرمپ اورعرب اسلامی ملکوں کے دیگررہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں میں کہی۔
وزیراعظم نے کہاکہ صف اول کاملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آج دنیا کوسب سے زیادہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے چیلنج کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سلامتی اور معیشت کے شعبوں میں بہتری آئی ہے اور گزشتہ ایک عشرے میں پچھلے سال دہشت گردی کے حملوں کی تعداد کم ترین رہی ،جس سے دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں مطلوبہ نتائج کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔
وزیراعظم نے صدرٹرمپ کی جانب سے ان کے پہلے غیرملکی دورے میں اس سربراہ اجلاس میں شرکت پر انہیں سراہا۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر،بحرین کے شاہ ،تاجکستان اورآذربائیجان کے صدور اور ملائیشیا کے وزیراعظم سمیت کئی دوسرے رہنمائوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔