امورداخلہ کے وزیرمملکت نے کہا ہے کہ  گزشتہ پانچ ماہ کے دوران بلوچستان کی صورتحال میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔

22 جنوری 2014 (21:06)
0

امورداخلہ کے وزیرمملکت بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت ناراض بلوچ عوام کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے بدھ کے روزاسلام آباد میں امور داخلہ کے بارے میں سینٹ کی کمیٹی کے ایک اجلاس میں کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران بلوچستان میں صورتحال میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔



اس سے پہلے فرنٹیئر کور کے انسپکٹر جنرل اعجاز شاہد نے کمیٹی کو بتایاکہ دوہزار تیرہ میں بلوچستان میں جرائم اور ملک دشمن سرگرمیوں میں نمایاں کمی سے صورتحال میں بہتری ظاہر ہوتی ہے۔


انہوں نے کہا کہ چھ ہزار آٹھ سو نو غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیاہے جن میں سے بیشتر افغان ہیں۔


اعجاز شاہد نے ڈیرہ بگٹی میں لوگوں کی بحالی کے حوالے سے بتایا کہ ایف سی امن و امان کی کسی صورتحال سے بچنے کے لئے اپنے گھروں کو واپس آنے والوں کی رجسٹریشن کرنا چاہتی ہے۔


انسپکٹر جنرل نے واضح کیا کہ ایف سی کسی جبری گمشدگی میں ملوث نہیں ہے۔