قطر کی قیادت نے انسداد دہشت گردی اور خطے میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔

آرمی چیف،امیر قطر کا علاقائی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال
22 فروری 2016 (19:05)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جو قطر کے سرکاری دورے پر ہیں پیر کے روزدوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیراعظم شیخ عبد اللہ بن نصیر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی۔ملاقاتوں کے دوران علاقائی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعلقات میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر قطر کے دفتر کے ذریعے افغانستان میں مفاہمت کے عمل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطر کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ سٹرٹیجک اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات میں تبدیل ہو رہے ہیں۔فریقین نے دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات پر اطمینان ظاہر کیا۔قطر کی قیادت نے انسداد دہشت گردی اور خطے میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔


بری فو ج کے سربراہ نے وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ اور قطر کی بری فوج کے کمانڈر میجر جنرل محمد بن علی الغنیم سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔