چیئرمین تحریک انصاف نے کہا خیبر پختونخوا میں غیرقانونی رہائش پذیر7لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو انکے وطن واپس بھیجا جانا چاہئے۔

شدت پسندی کیخلاف پوری قوم متحدہے:عمران خان
22 دسمبر 2014 (17:42)
0

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ دہشتگردی ایک قومی مسئلہ ہے اور پوری قوم اس کے خاتمے کیلئے متحد ہے ۔
پیر کی شام پشاور میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن ہم اسے جیت سکتے ہیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ہر پاکستانی کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن کے اثرات خیبر پختونخوا پر پڑ رہے ہیں ۔
عمران خان نے کہا خیبر پختونخوا میں غیر قانونی طور پرہائش پذیر 7 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین کو انکے وطن واپس بھیجا جانا چاہئے ۔
رجسٹر افغان مہاجرین کو مہاجر کیمپوں تک محدود کر کے ان کی وطن واپسی کا منصوبہ بنایاجاناچاہیئے ۔اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت ہے تاکہ وہ دہشتگردوں سے موثر انداز میں نمٹ سکے ۔اُنہوں نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کو قبائلی علاقوں اور شہری اضلاع کے درمیان دوبارہ تعینات کرے ۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر مناسب انتظامات کی ضرورت ہے تاکہ دہشتگردوں کی سرحد پار سے دراندازی کا معاملہ روکا جاسکے ۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پاکستان میں قیام کی اجازت میںمزید توسیع نہیں ہونی چاہیئے ۔
اس سے پہلے عمران خان نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں ایک بریفنگ میں شرکت کی ۔ اُنہیںامن وامان کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔