شاہد خاقان عباسی اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سنیٹروں سے گفتگو کررہے تھے ۔

حکومت قانون کی حکمرانی اور اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے:وزیراعظم
22 اگست 2017 (14:55)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں قانون کی حکمرانی ، جمہوری اقدار برقرار رکھنے اور اداروں کی مضبوطی پر پختہ یقین رکھتی ہے۔وہ منگل کو اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سنیٹروں سے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے خاص طور پر عوام کی ضرورتوں کو پورا کرنے سے متعلق انتہائی ضروری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری پالیسیوں سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے اور اس سے عالمی برادری خاص طور پر غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
سیکورٹی ، معیشت اور ترقی سے متعلق مختلف پالیسی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی ماضی کی حکومتوں سے بہت بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بدعنوانی سے پاک نظم ونسق کا تصور دیا ہے اور یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ گزشتہ چار سال کے عرصے میں ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کا کوئی ایک معاملہ بھی سامنے نہیں آیا۔
وزیراعظم نے معیشت ، توانائی کے شعبے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور داخلی سلامتی کی صورتحال سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کی کامیابیوں کی سراہا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ارکان پارلیمنٹ کے لئے اصل چیلنج ہے کہ وہ گزشتہ چار سال کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کے ثمرات بروئے کار لائیں۔

شاہد خاقان عباسی نے آج رائے ونڈ لاہور میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے بھی ملاقات کی ۔
انہوں نے قومی اہمیت کے معاملات اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں ترقیاتی ایجنڈا جاری رکھنے کی حکومتی کوششیں بھی زیر غور آئیں۔ وزیراعظم نے نواز شریف کو ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی ارکان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔