تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے برآمدات کا بلند ترین ہدف حاصل ہونا چاہیے:ڈار
22 اگست 2017 (09:07)
0

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے کہ تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے برآمدات کا بلند ترین ہدف حاصل ہونا چاہیے۔ وہ اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں کرنٹ اکائونٹ، تجارتی اکائونٹ ، ترسیلات زر اور سرمایہ کاری سمیت بیرونی اکائونٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں سال کے آغاز پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ برآمدات کیلئے مراعاتی پیکج کی صنعت نے بھی مکمل طور پر توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیکج کے تحت مقرر کئے گئے شرح نمو کے اہداف کے حصول کیلئے ہرممکن کوششیں کی جانی چاہئیں۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ ترسیلات زر ملک کیلئے غیر ملکی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں مجوزہ اقدامات کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔