Saturday, 20 April 2024, 01:06:22 pm
حکومت قیمتوں میں اضافے کے باعث عام آدمی کی مشکلات سے آگاہ ہے، وزیراعظم
October 22, 2021

پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آج (جمعہ)لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں صوبے میں انتظامی اور ترقیاتی امور سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور مہنگائی کے مسائل سے متعلق بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قیمتوں میں اضافے کے باعث عام آدمی کی مشکلات سے آگاہ ہے انہوں نے کہا کہ حکومت مستقل اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر قیمتیں کنٹرول کرنے والی کمیٹیوں کو فعال کر دیاگیاہے۔عمران خان نے کہا کہ حکومت قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل او ر عوامی بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کے کام کا اعلیٰ معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

دریں اثنا پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نےبھی لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں پنجاب کے نظام صحت کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے اقدامات اور صحت کارڈز کے اجراء کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین مہم اور ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔وزیراعظم نے میانوالی اور اٹک میں ماں اور بچہ ہسپتالوں اور حکومت کی جانب سے دماغی صحت کے اقدامات پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.