Friday, 30 October 2020, 01:42:07 am
پاکستانی فوج چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے آگاہ ہے،آرمی چیف
September 22, 2020

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے آگاہ ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے داخلی اور خارجی مسائل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزجہلم کے قریب فیلڈ فائرنگ رینج کے دورے کے دوران کیا جہاں وہ چینی ساختہ جدید ترین ٹینک VT-4 کا مظاہرہ دیکھنے کے لئے گئے تھے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان ملک کی خودمختاری' سلامتی اور علاقائی سا لمیت کو لاحق تمام خطرات کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔
قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس جدید ٹینک کی پاک فوج میں شمولیت سے حملہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
VT-4 ٹینک دنیا بھر کے کسی بھی جدید ٹینک کا مقابلہ کرسکتا ہے جو مربوط تحفظ ' جدید ترین جنگی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کا حامل ہے۔
بری فوج کے سربراہ نے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے VT-4 ٹینک کی کارکردگی کے مظاہر ے پر اطمینان ظاہر کیا جو کہ ملک میں تیار کیے گئے الخالد اول ٹینک کی حالیہ شمولیت کے بعد پاک فوج میں ایک اور اہم اضافہ ہے۔
بری فوج کے سربراہ نے جدید دور کی جنگی ضروریات کے تقاضوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے پیشہ ورانہ مہارت ' ہمہ وقت تیاری اور تربیت کے اعلیٰ معیار پر جوانوں کی تعریف کی ۔