Saturday, 24 October 2020, 06:59:29 pm
پاکستان اورہنگری مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق
September 22, 2020

پاکستان اورہنگری نے پاکستان کی صلاحیتوں کوبروئے کارلانے کیلئے دوطرفہ پارلیمانی تعلقات اورتوانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے اتفاق کیاہے۔
یہ بات قومی اسمبلی کے سپیکراسدقیصرنے ہنگری کے ناظم الامور Tavidar Takacas کی پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے اوردیرینہ تعاون کو فروغ دینے کاخواہاں ہے۔
سپیکرنے کہاکہ پاکستان میں زراعت ،توانائی،سیاحت اوربنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے ہنگری کے سرمایہ کارفائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
انہوں نے ہنگری میں تعلیم کی خاطرپاکستانی طلباء کے لئے ہنگری کے سکالرشپ پروگرام کو سراہا اوردوطرفہ پارلیمانی تعلقات کووسعت دینے کی ضرورت پرزوردیا۔
ہنگری کے ناظم الامورTavidar Takacas نے کہاکہ ان کاملک بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کومستحکم کرنے کاخواہش مندہے۔
انہوں نے اس امر سے اتفاق کیاکہ پارلیمانی روابط سے دونوں ممالک کوایک دوسرے کے مزیدقریب لانے میں مددملے گی۔