Friday, 30 October 2020, 01:13:02 am
وزیراعظم کی ملک میں گندم کے خاطر خواہ ذخیرے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت
September 22, 2020

وزیراعظم عمران خان نے ملکی ضروریات کے مطابق گندم کے وافر ذخیرے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی اور ان کی قیمتوں کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم اور چینی عوام کی بنیادی ضروریات ہیں اور ان اجناس کی دستیابی معقول قیمتوں پر یقینی بنائی جانی چاہئے۔
وزیراعظم کو کہا گیا کہ نجی شعبے نے اب تک چار لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی ہے۔ جبکہ10 لاکھ میٹرک ٹن گندم آئندہ ماہ ملک پہنچ جائے گی۔
ٹریڈنگ کارپوریشن کے چیئرمین نے آگاہ کیا کہ حکومت نے15 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ جبکہ مزید ٹینڈرز جلد ہی جاری کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گندم حکومتوں کے درمیان معاہدے کے تحت بھی درآمد کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انہیں ملک میں گندم کی درآمد کے حوالے سے پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
ملک میں چینی کی دستیابی کے حوالے سے جاری اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ حکومتی فیصلے کے تناظر میں درآمد کی جا رہی ہے اور طلب اور رسد توازن کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔