Monday, 10 December 2018, 10:07:02 pm
مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو کربلا جیسی صورتحال کا سامنا ہے، سید علی گیلانی
September 22, 2018

file photo

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری گزشتہ ستر برس سے زائد عرصے سے اپنے منصفانہ نصب العین کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ ہر روز کربلا جیسی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔

سرینگر میں جاری ایک بیان میں انہوں نے بھارتی پولیس کی طرف سے گزشتہ روز سرینگر میں عاشورہ کے جلوسوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی جس میں بیسیوں عزا دار زخمی ہو گئے تھے۔

ادھر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع شوپیاں کے علاقے شرمال میں آج محاصر ے اور تلاشی کی کارروائی کیخلاف پر امن مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

قابض فوجیوں نے آج ضلع پلوامہ کے کئی دیہات میں بھی محاصرے اور تلاشی کی ایسی ہی کارروائیاں شروع کی ہیں۔

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںپا نچ نوجوانوں کی شہادت پر آج دوسرے روز بھی بانڈی پورہ قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں شریک کشمیری وفد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے ایک تصویری نمائش کا آغاز کیا۔ نمائش میں معروف بین الاقوامی فوٹو جرنلسٹوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں لی گئیں تصاویر رکھی گئی ہیں ۔

تصویری نمائش میں جنیوا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم طلباء اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے گہری دلچسپی لی۔

کشمیری نمائندوں الطاف حسین وانی اور احمد قریشی نے اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے۔