Friday, 29 May 2020, 11:16:19 am
کراچی،پی آئی اے کا طیارہ گرکر تباہ،امداد اور بچاؤ کی کارروائی جاری
May 23, 2020

کراچی میں ہوائی اڈے کے قریب آج سہ پہر لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 8303 کی جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔طیارے پر اکانوے مسافرا ور عملے آٹھ ارکان شامل تھے۔امدادی کارروائی پاک فوج، رینجرز اور سول انتظامیہ مشترکہ طور پر کررہی ہے جبکہ پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز پر بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔فضائیہ بھی علاقے میں امدادی کارروائی میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق لینڈنگ سے قبل طیارے میں کوئی فنی خرابی ہوئی جو حادثے کی وجہ بنی تاہم اصل وجہ تفصیلی تحقیقات کے مطابق پتہ چلے گی۔بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود بھی جو اس بدقسمت مسافر طیارے میں موجود تھے ، معجزانہ طور پر بچ گئے اور نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ادھر پی آئی اے نے اپنا ہنگامی کال سینٹر فعال بنا لیا ہے جبکہ تمام آپریشنل عملے کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا ہے۔ان نمبرز پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔021-99043833,021-99242284 اور 021-99043766 سندھ حکومت نے حادثے کو متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کراچی کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

فوج کی تلاش اور امدادی ٹیم خصوصی آلات اور ریسکیو ماہرین کے ساتھ راولپنڈی سے خصوصی سی ون تھرٹی پرواز کے ذریعے کراچی روانہ کردی گئی ہے تاکہ طیارہ حادثے کی جگہ پر ریلیف اور امدادی کاموں میں تیزی لائی جائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود فائر بریگیڈ کی دس گاڑیوں نے آگ بجھائی۔فوجی ایمبولینسز زخمیوں کو بچانے اور ضروری طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔