Tuesday, 25 June 2019, 11:26:29 am
ترک وزیر خارجہ کا پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل کے مذاکراتی حل پر زور
February 22, 2019

ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولونے پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج ترکی کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر پاکستان کے ساتھ ترکی کی غیرمتزلزل حمایت پر اس کا شکریہ ادا کیا۔MEVLUT CAVUSOGLU نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔ترکی کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے موقف کو مکمل طور پر سمجھتے ہوئے کہا کہ ترکی پلوامہ حملے میں پاکستان کے خلاف الزامات مسترد کرتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے ترکی کے وزیر خارجہ کو پلوامہ واقعے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے اس حوالے سے ٹھوس شواہد پر مبنی معلومات کا تبادلہ کرنے کو کہا ہے تاکہ پاکستان واقعے کی تحقیقات میں مدد دے سکے۔وزیر خارجہ نے مختلف امور پر پاکستان کا موقف سمجھنے اور اس کی مسلسل حمایت پر ترکی کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان مثالی تعلقات گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کے دورئہ ترکی کے بعد مزید مضبوط ہوئے ہیں۔فریقین نے اس دورے کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کو نئی مربوط شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ترکی کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ صدر رجب طیب اردوان ترکی میں انتخابات کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔