Tuesday, 25 June 2019, 10:25:25 am
وزیر خارجہ کا صدر سلامتی کونسل کے نام خط، بھارتی دھمکیوں کی جانب توجہ مبذول کرائی
February 22, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی توجہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف طاقت استعمال کرنے کی دھمکیوں کی جانب مبذول کرائی ہے جس سے علاقائی سلامتی کی صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدرAnatolio Ndong کے نام ایک خط میں کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث عالمی امن اور سلامتی کو براہ راست خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے اس ماہ کی چودہ تاریخ کو مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد کسی تحقیقات کے بغیر فوراً پاکستان پر الزام تراشی اور حملہ کرنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی الزامات سوشل میڈیا کی مشتبہ مواد کی ویڈیو پر مبنی ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی نااہلی اور ناکام پالیسی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کیلئے اپنی قیاس آرائیوں کو حقائق کا نام دے رہا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنی اندرونی سیاسی وجوہات کے باعث کشیدہ صورتحال پیدا کرنے کیلئے جان بوجھ کر جارحانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے اپنے ملک کے عوام میں پاکستان کے خلاف منفی جذبات بھڑکا رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارتی حکام پاکستان کو دریائوں کا پانی روکنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سندھ طاس معاہدہ خطرے میں پڑ جائے گا۔