Wednesday, 27 March 2019, 05:14:54 am
وزیر اعظم کا حکومت کی جانب سے بلا امتیاز احتساب یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ
February 22, 2019

وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے کسی نرمی کے بغیر امتیاز احتساب یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے جمعہ کے روزسہ پہر راجن پور میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک بدعنوان شخص گرفتار ہوتا ہے تو بعض لوگ واویلا شروع کر دیتے ہیں اور اسے جمہوریت مخالف اقدام قرار دیتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ستم ظریقی یہ ہے کہ حکمرانوں نے سرکاری فنڈز کو اپنے ذاتی فائدے کیلئے خرچ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ دس سال پنجاب پر حکمرانی کی ہے تاہم وہ کوئی بھی معیاری ہسپتال قائم کرنے میں ناکام رہے جہاں حکمرانوں اور دیگر بااثر لوگوں کا علاج کیا جا سکے۔عمران خان نے کہا کہ وہ ریاست مدینہ کی طرز پر انصاف اور انسانیت کے اصولوں کی بالادستی کے ذریعے پاکستان کو ایک فلاحی مملکت بنانے کی ہرممکن کوشش کرینگے۔انہوں نے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو صوبے میں سرکاری ہسپتالوں میں اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ عام آدمی کے بہتر علاج معالجے کیلئے صحت کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے ضلع راجن پور کے بعض مستحق خاندانوں میں صحت کارڈز بھی تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ راجن پور پاکستان کا پسماندہ ترین علاقہ ہے اور ان کی حکومت اس علاقے کے لوگوں کی سہولت کے لئے ان میں صحت کارڈز تقسیم کرنے کا عمل شروع کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کو پنجاب کے دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ اس مہم کو پنجاب کے دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے تحت ایک خاندان 7لاکھ 20 ہزار روپے تک کے علاج کی سہولتیں حاصل کر سکتا ہے۔