Tuesday, 25 June 2019, 10:56:13 am
احتساب کا عمل اور جمہوری نظام بلاتعطل جاری رہیں گے،فہمیدہ مرزا
February 22, 2019

بین الصوبائی رابطے کی وزیر ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل اور جمہوری نظام بلاتعطل جاری رہیں گے۔انہوںنے جمعہ کے روز قومی اسمبلی کی کارروائی میں حزب اختلاف کی طرف سے خلل ڈالنے اور احتجاج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کا گھیراو کر کے ایوان کا تقدس پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کے حامی ہونے کا دعویٰ کرنیوالوں کو سپیکر کے عہدے کا احترام کرنا چاہئے۔فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سرحدی صورتحال اور بھارت کی جانب سے پراپیگنڈہ مہم کے تناظر میں پارلیمنٹ کی طرف سے بھارت کو اتحادو یکجہتی کا مضبوط پیغام جانا چاہئے جو وقت کا تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے اور سرمایہ کاری آ رہی ہے۔بین الصوبائی رابطے کی وزیر نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو منفی سیاست ترک کر کے مثبت کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے ثمرات سے مکمل طور پراستفادہ کیاجاسکے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایوان کا نگران ہونے کی حیثیت سے سپیکر کو خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کرنے چاہئیں۔مواصلات کے وزیر مراد سعید نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی طرف سے دھمکیوں سمیت کئی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام جماعتیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے لئے متحد ہونے کا پیغام دیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ گزشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی ساکھ بہتر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی کوششوں سے سعودی عرب سے پاکستانی قیدی بھی واپس آرہے ہیں۔ایوان کا اجلاس اب پیر کی سہ پہر چار بجے ہو گا۔