Friday, 29 March 2024, 11:33:24 am
صدرڈونلڈٹرمپ کی ایک بار پھر تنازعہ کشمیر کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش
January 22, 2020

صدرڈونلڈٹرمپ نے ایک بار پھر تنازعہ کشمیر کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے یہ پیشکش ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیراعظم عمران خان سے باضابطہ ملاقات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔امریکی صدرنے وزیراعظم کو اپنادوست قرار دیااور کہاکہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بات چیت کریں گے۔ڈونلڈٹرمپ نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کے درمیان جوکچھ ہورہاہے اگر ہم اس میں مدد کرسکتے ہیں تو یقینا کریں گے اور ہم اس پر گہری نظررکھے ہوئے ہیں اور میرا اپنے دوست کیساتھ یہاں ہونا ایک اعزاز ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ا ورامریکہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور دونوں کے درمیان آج جیسے قریبی تعلقات کبھی نہیں رہے۔امریکی صدر نے کہاکہ عمران خان اُن کے دوست ہیں اور اُن سے دوبارہ مل کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کاتنازعہ ایک بڑامسئلہ ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکہ کشیدگی کے خاتمے کے لئے ہمیشہ کی طرح اپناکردارادا کرے گا کیونکہ کوئی دوسراملک یہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کاخواہاں ہے اور علاقائی امن واستحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرتارہے گا۔افغانستان کے بارے میں وزیراعظم نے کہاکہ امریکہ اور پاکستان افغان مسئلے پرایک جیسے خیالات رکھتے ہیں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سنگاپورکے وزیراعظم Lee Hsien Loong سے بھی عالمی اقتصادی فورم کے موقع پرملاقات کی۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ،مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق دائود، جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی اور اعلیٰ عہدیداران بھی موجودتھے۔ملاقات میں دوطرفہ اوراقتصادی تعلقات مستحکم بنانے کے طریقہ کارپرتبادلہ خیال کیاگیا۔

ادھرڈیووس میں Calik ہولڈنگ کے چیئرمین Ahmet Calik نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔Calik ہولڈنگ ترکی کی کمپنی ہے اور توانائی، تعمیرات ورئیل سٹیٹ ٹیکسٹائل، کا ن کنی، سرمایہ کاری، ٹیلی کام اور ڈیجیٹل شعبوں میں کام کرتی ہے۔

پاکستان نےجموں و کشمیر کے بار ے میں آذربائیجان کے اہم کردار کو سراہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نےاس بات کا اظہار ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات  کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے صدرعلیوف کو بھارتی حکومت کے پانچ اگست کے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین اورمنظم خلاف ورزیوں اور بھارتی اقدامات کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے نگورنو کاراباخ کے مسئلے پرپاکستان کی حمایت کا  اعادہ بھی  کیا۔

صدرعلیوف نے نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کے قومی مفادات کے لئے باہمی تعاون اورتمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزیدمضبوط بنانے کے عزم کااعادہ کیا۔

فریقین نے اعلیٰ ترین سطح سمیت  دوطرفہ وفود کاباقاعدگی سے تبادلہ برقراررکھنے پر اتفاق کیا۔

صدرعلیوف نے وزیراعظم عمران خان کوآذربائیجان کےدورہ کی دعوت دی۔

(این این آر، وہا ج بشیر)

Error
Whoops, looks like something went wrong.