ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے تاہم بعض اسلام دشمن عناصراسکے خلاف منفی پراپیگنڈا کررہے ہیں

ریاض سربراہ اجلاس اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا،زکریا
21 مئی 2017 (19:43)
0

دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ امریکہ اور عرب اسلامی ممالک کا سربراہ اجلاس اسلام کی حقیقی اور درست تصویر پیش کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کو ایک انٹرویو میں کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے۔تاہم بعض اسلام دشمن عناصر اس کے خلاف منفی پراپیگنڈا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ان سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا پوری دنیا اس جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کررہی ہے۔
نفیس ذکریا نے معاشرے سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے اس کے بنیادی اسباب دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بعض غیر ملکی ہاتھ دہشتگردی کو ہوا دینے میں ملوث ہیں۔ تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔