نواز شریف نے افغانوں کے اپنے طور پر شروع کردہ امن عمل کی حمایت اور سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

21 مارچ 2017 (16:07)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن واستحکام کے لئے تمام اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔یہ بات انہوں نے برطانیہ کی وزیر داخلہ امبر رڈسے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔نواز شریف نے افغانوں کے اپنے طور پر شروع کردہ اور انہی کی سرپرستی میں ہونے والے امن عمل کی حمایت اور سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانیہ علاقائی امن کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے ہر ممکن حمایت وتعاون فراہم کرتا رہے گا۔

ادھر ، سبکدوش ہونے والے سعودی عرب کے سفیر عبداﷲ مرذوق الزہرانی سے آج اسلام آباد میں باتیں کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب گہرے رشتوں میں بندھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی مسئلوں کے بارے میں دونوں ملکوں کا یکساں موقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز السعود کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
سعودی سفیر نے پاکستان میںاپنے قیام کے دوران شاندار مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔