اطلاعات ونشریات کی وزیرنےکہا کہ گزشتہ تین برسوں میں پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سی کامیابیاں ملی ہیں۔

 پاکستان جلد دہشت گردی سے پاک ملک بن جائیگا:مریم اورنگزیب
21 مارچ 2017 (12:40)
0

اطلاعات ونشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت قائد اعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کر رہی ہے۔وہ آج اسلام آباد میں ماضی ، حال اور مستقبل کے موضوع پر ہونے والی ایک نمائش کا افتتاح کر رہی تھیں ۔ نمائش میں تصویروں کے ذریعے تحریک پاکستان کے سفر اور پاکستان کی ترقی کے مراحل کی عکاسی کی گئی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں پاکستان جلد معاشی طور پر ترقی یافتہ ، دہشت گردی سے پاک اور ایک باوقار ملک کی حیثیت سے ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سی کامیابیاں ملی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم ، صحت اور انسانی حقوق کے شعبوں میں کئی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان ایک خوشحال ملک بن جائے گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ رواں سال پاکستان کے قیام کا سترواں سال ہے اور یہ سال منانے کے لئے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تصویری نمائشوں ، ادبی اور فنی مقابلوں اور ذرائع ابلاغ پر خصوصی نشریات کا مقصد ان عظیم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے ملک کے قیام کے لئے کردار ادا کیا۔
انہوں نے نمائش دیکھنے کے لئے آنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بھی ایسی نمائشوں میں لاکر تاریخ سے روشناس کرائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے اپنے نوجوانوں میں آزادی کا جذبہ پھونکنے اور ان تمام لوگوں کو یاد کرنے کا سال ہے جنہوں نے مادروطن کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ہیں۔