اس سلسلے میں یوم پاکستان کی روایتی پریڈکی فل ڈریس ریہرسل آج پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں ہوئی۔

یوم پاکستان شایان شان طریقےسےمنانےکی تیاریاں حتمی مرحلےمیں داخل
21 مارچ 2016 (14:24)
0

یوم پاکستان بدھ کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔اس سلسلے میں یوم پاکستان کی روایتی پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل پیر کے روز پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں ہوئی۔
اسلا م آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں کسی نا خوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔رینجرز اور پولیس نے اہم مقامات پر اپنا گشت بڑھادیا ہے۔پریڈ کے دن شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ادھر یوم پاکستان کی روایتی پریڈ کی ریہرسل کے سلسلے میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پیر کے روز دن ایک بجے تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔راول ڈیم چوک سے فیض آباد انٹر چینج تک تین بجے سہ پہر تک ٹریفک بند رہے گی۔

ایکسپریس ہائی وے پر اسلام آباد کی طرف آنے والی ٹریفک میزائل چوک سے کھنہ پل کیپٹن نعیم فیصل شہیدروڈ اورراول ڈیم چوک کی طرف موڑدی جائے گی۔آئی جے پی روڈ پر ٹریفک فیض آباد سے نائنتھ ایونیواورکشمیرہائی وے کی طرف موڑدی جائیگی۔مری روڈ پر اسلام آباد آنے والی ٹریفک سٹیڈیم روڈ سے نائنتھ ایونیو اورکشمیر ہائی وے کی طرف موڑ دی جائے گی۔