21 جون 2017 (20:50)
0

پاکستان اور ترکی نے سیکورٹی ، دفاعی پیداوار اور افرادی قوت کی تربیت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور ترک وزیر دفاع فکری اشک کے درمیان بدھ کے روز ترکی میں ایک ملاقات کے دوران طے پایا۔
ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور دوطرفہ سیکورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے ترکی کی جانب سے مقامی طور پر تکنیکی شعبے میں کامیابی کے حصول کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی اور صنعت کے شعبوں میں ترقی کے امکانات موجود ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے لئے بامعنی ثابت ہوں گے۔
اس سے قبل آرمی چیف نے ترک ایرو سپیس انڈسٹریز کا دورہ کیا جہاں انہیں ترک ایروسپیس انڈسٹریز کی طرف سے عسکری اور سول ایوی ایشن کی صنعت کے حوالے سے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ترک ایروسپیس نے ہیلی کاپٹروں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حوالے سے خصوصی مہارت حاصل کی ہے۔ انہوں نے اس شعبے کا جائزہ لیا اور T129 لڑاکا ہیلی کاپٹر کی تعارفی پرواز میں سفر کیا۔