چینی باشندوں کیلئے ویزا اجراکا عمل باضابطہ اور مربوط بنانے کا فیصلہ
21 جون 2017 (19:19)
0

حکومت نے چین کے باشندوں کے لئے ویزے کے اجراء کا پورا عمل باضابطہ اور مربوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں ان کی سیکورٹی زیادہ سے زیادہ یقینی بنائی جا سکے۔
یہ فیصلہ بدھ کے روز اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔
اب چینی باشندوں کو تجارتی ویزہ اور آمد کا ویزہ ملک کے مستند ایوان صنعت وتجارت کے توثیق کردہ دعوت نامہ اور اسائنمنٹ لیٹر اور اتاشیوں کی جانب سے لیٹر پیش کرنے پر ہی دیا جائے گا۔
نادرا ایوانوں اور ترک وطن کے حکام کے درمیان معلومات کے تبادلے لئے ایک الیکٹرانک نظام کی تنصیب میں صنعت ایوانوں اور ایف آئی اے کی مدد کرے گا۔
ان چینی باشندوں کو ورک ویزا جاری کرنے کا عمل باضابطہ بنایا جائے گا جو حکومت کے منظور کردہ اور اسکے تعاون سے مختلف منصوبوں کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔
چوہدری نثار علی خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خصوصاً چینی باشندوں کو ویزے کے اجراء میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے نادرا سے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان میں موجود چینی باشندوں کے اعدادوشمار مرتب کرنے کا کام تیز کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے کیلئے ان معلومات کا تبادلہ ملکی سیکورٹی ایجنسیوں سے کیا جا سکے۔